پاکستان اور یو اے ای میں تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور یو-اے-ای کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان کے تمام متعلقہ اداروں کی مکمل تیاری کے ساتھ یو-اے-ای کے دورے پر جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دو روزہ دور? یو-اے-ای کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں وسیع مواقع موجود ہیں، جن کا دونوں ملکوں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر کل سے دو روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔دورے کے دوران دو طرفہ باہمی معاشی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے وزیراعظم اماراتی راہنماؤں، تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔