جنیوا کانفرنس میں وزیراعظم اور حکومت نے ایک تیر سے دو شکار کیے، بلاول بھٹوزداری

اسلام آباد(آن لائن) وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت نے ایک تیر میں دو شکار کیے،پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ وزیراعظم اور وفاقی وزراء کے ہمرا ہ مشترکہ پریس انفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم صاحب کو مبارک ہو کہ ان کی خارجہ پالیسی کامیاب ہو گئی ہے، ہم جو گزشتہ 8 ماہ سے محنت اور کوششیں کر رہے تھے وہ رنگ لا رہی ہیں، یہ ہماری کامیابی ہے کہ ٹارگٹ سے زیادہ رقم جمع کی جس پر وزیراعظم اور اتحادی حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مشرق سے مغرب تک پوری دنیا نے ہماری مدد کی، کووڈ اور معاشی مشکلات کے باوجود عالمی برادری پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اعلانات سے یہ تاثر جا رہا ہے کہ امداد ملنے کے بعد سار ے مسائل حل ہو گئے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے، آج بھی سیلاب متاثرین مشکلات میں ہیں، بے گھر ہیں، زراعت کو نقصان پہنچا ہے، سردی کے باعث بھی سیلاب متاثرین کو مشکلات درپیش ہیں، سب سے التجا ہے کہ جس قسم کی بھی امداد سیلاب متاثرین کے لئے بھیج سکتے ہیں بھیجیں اور اس مشکل وقت میں سیلاب سے متاثرہ بھائیوں کو یاد رکھیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت نے ایک تیر میں دو شکار کیے، ایک طرف تو آپ نے ملک کے اندر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے انتھک محنت کی تو دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو ڈیفالٹ دکھانے کی کوشش کرنے والوں کو بھی دکھایا کہ کس طرح دنیا نے پاکستان کی دل کھول کر مدد کی، پاکستان کی معیشت کے بارے غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔