اقوام متحدہ کا پاکستان کی تعمیر نو کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا مطالبہ

جنیوا(آن لائن)اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیوگوتیرس نے پاکستان کی تعمیر نو کیلئے بڑے پیمانے پرسرمایہ کاری کا مطالبہ کردیا جبکہ فرانس تعمیر نو کیلئے پاکستان کو 10ملین ڈالر دے گا، جنیو اکانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکر ٹری جنرل نے کہا کہ میں نے خود پاکستان جا کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، پاکستان میں سیلاب کے باعث بہت بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے،سیلاب کے دوران پاکستان کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں کوئی شک نہیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔یو این سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا حال دیکھ کر دل ٹوٹ گیا لیکن مشکل حالات میں بھی پاکستانی عوام کا جذبہ دیکھ کر حیران ہوا۔سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تباہی اور عالمی مالیاتی نظام کے دیوالیہ پن کا ایک ساتھ شکار ہوا۔، پاکستان جیسے ترقی پذیرممالک کے لیے قرضوں سے نجات اور مالی امداد تک رسائی کے لیے تخلیقی طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کاربن کے بڑھتے ہوئے اخراج کے رجحان کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔انتونیو گوتیرس نے ترقی یافتہ ممالک سے پاکستان کی مزید مالی امداد کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کا کہنا تھا فرانسیسی عوام اور حکومت کی جانب سے پاکستانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان کے عوام نے بہادری سے سیلاب سے ہونے والی تباہی کا مقابلہ کیا۔ایمانوئیل میکرون کا کہنا تھا فرانس پاکستان کی سپورٹ کے لیے 10ملین ڈالر دے گا، ہم مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان کی حمایت کرنا چاہیں گے، فرانس طویل مدت میں پاکستان کی ضرورت کے مطابق مہارت اور مالی امداد فراہم کرتا رہیگا۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔رجب طیب اردوان کا کہنا تھا پرامید ہوں کہ کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کو سیلابی تباہی سے بحالی میں مدد ملے گی۔