وزیراعظم شہباز شریف کا چینی ہم منصب کو فون

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے کور مفادات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا جبکہ چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں استحکام اور اقتصادی بہتری ناصرف خطے بلکہ چین کے لیے بھی بہت اہم ہے۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور عالمی حالات کا جائزہ لیا گیا۔ وزراء اعظم نے ایک دوسرے کو سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے اتفاق کیا کہ 2022 میں پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھونے لگے اور دونوں ممالک کیباہمی تعاون کے فروغ کی رفتار 2023 میں بھی برقرار رکھی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چین کے کور مفادات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیراعظم کو سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیر نو کی پیش رفت اور نو جنوری کو جنیوا میں کلائمٹ کانفرنس سے آگاہ کیا۔ چینی وزیراعظم نے نو جنوری کو جنیوا میں کلائمیٹ کانفرنس کی کامیابی اور تعمیر نو کے لیے بھرپور حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی سی پیک منصوبوں کی پیش رفت اور بروقت تکمیل پر مکمل توجہ ہے، پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو مکمل طور پر محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرے گا۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں استحکام اور اقتصادی بہتری ناصرف خطے بلکہ چین کے لیے بھی بہت اہم ہے۔چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔