پاکستان یواے ای کے درمیان پانچ دہائیوں سے قریبی برادرانہ تعلقات مشترکہ اقدار اور ثقافت میں مضبوطی سے جڑے ہیں،وزیر اعظم

اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پانچ دہائیوں سے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ اقدار اور ثقافت میں مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان خصوصی دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے اپنے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں موسمیاتی سیلاب سے ہونے والی حالیہ تباہی کے بعد پاکستان کی مالی امداد پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں منعقد ہونے والی ‘انٹرنیشنل کانفرنس آن رزیلیئینٹ پاکستان’ کے بارے میں شیخ محمد بن زاید النہیان کو آگاہ کیا اور کانفرنس میں یو اے ای سے اعلیٰ سطح کی شرکت کے لیے درخواست کی۔ شیخ محمد بن زاید النہیان نے کانفرنس کے بنیادی ایجنڈا کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔