پاکستان سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، کسی کو کابل پر حملے کی اجازت نہیں دینگے، ذبیح اللہ مجاہد

کابل (آن لائن) افغان حکام نے کہا ہے کہ پاکستان سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، کسی کو کابل پر حملے کی اجازت نہیں دینگے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امارت اسلامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ کسی کو بھی افغانستان میں حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا افغانستان پاکستان سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستانی حکام کو بات کرتے ہوئے محتاط رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک کو دوسرے ملک کے علاقے میں حملہ کرنے کا حق نہیں ہے، دنیا کا کوئی قانون ایسی جارحیت کی اجازت نہیں دیتا،اگر کسی کو کوئی پریشانی ہے تو امارت اسلامیہ سے بات کرے،ہماری سیکیورٹی فورسز کارروائی کرسکتی ہیں۔دوسری طرف افغان وزارت دفاع سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام کا بیان بے بنیاد اور اشتعال انگیز ہے، کوئی بھی مسئلہ یا تنازع سمجھوتے کے تحت حل ہونا چاہیے۔