لکی مروت: پولیس چوکی پر حملہ، ایک پولیس اہلکار شہید،جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ماراگیا

لکی مروت(آن لائن)خیبرپختون خوا کے ضلع لکی مروت میں سال نو کا آغاز پدہشت گردوں کے حملے سے ہوا، دہشت گردوں نے انڈس ہائی وے پر واقع پولیس چوکی شہباز خیل پر حملہ کردیا، جس میں ایک پولیس اہلکار تحسین اللہ شہید ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے حملے میں بڑے اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا، تاہم پولیس جوانوں کی بھرپور جوابی کاروائی سے دہشت گرد پسپا ہوکر فرار ہوگئے۔حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، اور علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کر دیا۔حکام نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران ایک مبینہ دہشت گرد کی لاش بھی چوکی کے قریب سے ملی ہے، جو ممکنہ طور پر پولیس کی جوابی فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے۔حکام کے مطابق دہشت گرد کی شناخت اویس کے نام سے ہوئی ہے جو جوکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں سی ٹی ڈی (CTD) بنوں اور لکی مروت پولیس کومطلوب تھا۔