کراچی میں 15 جنوری کو ہی بلدیاتی الیکشن ہوں گے،بلاول بھٹو

کراچی (آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے شہیدوں کے لہو کا سودا کیا، ہمیں امپورٹڈ کہنے والے نے ملک میں دہشتگردی کو امپورٹ کیا،اس بات کا کوئی خوف نہیں کہ کون جیتے گا کون ہارے گا 15 جنوری کوبلدیاتی الیکشن ہونگے کراچی کا مئیرجیالا ہوگا ہم جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں الیکشن کا رونا رونے والے خود الیکشن سے بھاگ رہے ہیں کٹھ پتلی جب سے اقتدار سے باہر ہواہے بنی گالا سے چیخیں بند نہیں ہورہی ہیں،عمران خان کی سیاست نے جمہوریت اورسیاست کونقصان پہنچایا،عمراں نے دہشتگردوں کو آزاد کیا، ہم دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔وزیراعلی ہاؤس کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا تھا کہ نئے سال کا جشن کراچی والوں کے ساتھ منانا ہے، امید ہے کہ یہ شہر رات12 بجے باہر نکلے گا اور نئے سال کا استقبال کرے گا۔ ایک سال میں پیپلزپارٹی نے وہ کام کر کے دکھایا جو وعدہ کیا تھا، عدم اعتماد سے ایک شخص کو گھر بھیجا گیا، یہ عوام کی جیت ہے، آپ نے ہی اس سلیکٹڈ، کٹھ پتلی اور نالائق کا بندوبست کیا، 6 مہینے گزرنے کے بعد بھی بنی گالہ سے چیخوں کی آوازیں آرہی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی سیاست نے جمہوریت اورسیاست کونقصان پہنچایا، پیپلزپارٹی نے ماضی میں بھی ملک کوبچایا،مستقبل میں بھی بچائیں گے، جب بھی مقابلہ ہوگا، جیت سچ کی اور شکست جھوٹ کی ہوگی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ کراچی کسی ایک جماعت اور زبان بولنے والوں کا ہے، لیکن پیپلزپارٹی کہتی ہے یہ شہر ہرزبان بولنے والوں کا ہے، مراد علی شاہ نے کراچی کے لیے جتنا کام کیا، کوئی وزیراعلی ان کا مقابلہ نہیں کرسکتا، ہمارا وزیراعلی پورے سندھ کا وزیراعلی ہے، کراچی کاوزیراعلی ہے۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ استعفے دینے والوں کے استعفے منظور نہیں ہو رہے، ان کا لیاری کا رکن کہتا ہے اسمبلی نہیں چھوڑنی، تو ایک طرف عمران خان کہتا ہے استعفے منظور کرو، دوسری طرف ان کے درجنوں اراکین کہتے ہیں ہمارے استعفے منظور نہ کریں۔