بجلی، گیس اور پانی کے تحفظ اور بچت کیلئے ملک بھر میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے،صدر عارف علوی

اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بجلی، گیس اور پانی کے تحفظ اور بچت کیلئے ملک بھر میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے، قیمتی وسائل کے استعمال میں اپنے رویوں اور طرز عمل کو بدلنے کیلئے اسلامی اقدار کو اپنانا چاہیے۔صدر عارف علوی کی زیرصدارت ایوانِ صدر میں توانائی کی بچت کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی شرکت کی۔وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق اور وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود بھی اجلاس میں شریک ہوئے،وفاقی وزیر برائے توانائی، انجینئر خرم دستگیر خان اور وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق مسعود ملک کی بھی اجلاس میں شرکت کی۔صدر مملکت کا ملک گیر اتفاق رائے پر مبنی، جامع اور ہمہ جہت بجلی، گیس اور پانی کے تحفظ کی حکمت عملی شروع کرنے پر زوردیا۔صدر نے اس موقع پر کہاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول صوبوں سے مشاورت کے بعد جامع پالیسی اور پروگرام تیار کرنے کی ضرورت ہے، صدر نے کہا بجلی، گیس اور پانی کے تحفظ اور بچت کیلئے ملک بھر میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے۔دنیا کی بہترین مثالوں پر مبنی پالیسیاں اور حکمت عملی تیار کرنے، مقررہ وقت کے اندر نفاذ یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔قومی اہمیت کے اقدامات پر عملدرآمد کی رفتار بڑھا کر پاکستانتیز ی سے ترقی کر سکتا ہے، صدر مملکت نے کہا اسلامی تعلیمات وسائل کی کثرت سے موجودگی کے باوجود تحفظ اور بچت پر زور دیتی ہیں۔قرآن اور احادیث کی تعلیمات پانی کے تحفظ پر زور دیتی ہیں چاہے کوئی شخص دریا کے کنارے وضو کر رہا ہو۔اسلام وسائل کے ضیاع کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔انہوں نے کہا پانی، گیس اور بجلی سمیت قیمتی وسائل کے استعمال میں اپنے رویوں اور طرز عمل کو بدلنے کیلئے اسلامی اقدار کو اپنانا چاہیے۔توانائی کی بچت کیلئے شام کے اوقات میں بازاروں اور کاروباروں کو بند کرنے کے وقت اور طریقہ کار کے تعین کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول تاجروں اور چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کیا جانا چاہیے۔بارش کے پانی کو ذخیرہ اور استعمال کرنے، چھتوں کو سولرائز کرنے اور چھتوں پر باغبانی کے فروغ کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے ایندھن سے چلنے والی بائک کی جگہ ای بائک کے استعمال کی ترغیب دینے کے خیال کو بھی سراہا۔ای بائیکس کے فروغ سے نہ صرف موٹر سائیکل مالک کو فائدہ پہنچے گا بلکہ ایندھن کے درآمدی بل میں بھی کافی حد تک کمی آئے گی۔ صدر مملکت نے کہا پانی کی قیمتوں کے تعین کیلئے پاکستان بھر میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے پیدا کیا جانا چاہیے۔فلڈ ایریگیشن کی وجہ سے پانی کا بڑا حصہ ضائع ہو جاتا ہے جس سے زمین سے غذائی اجزا ختم ہو جاتے ہیں، فصلوں کی پیداواری صلاحیت کم ہو جاتی ہے،۔ اتفاق رائے پر مبنی پانی کی قیمتوں کی پالیسی سے پانی کے موثر استعمال میں مدد ملے گی۔صدر مملکت نے ملک بھر میں تمام پبلک سیکٹر کی عمارتوں کے بجلی، گیس اور پانی کے آڈٹ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا ایوانِ صدر میں گرین پریذیڈنسی انیشی ایٹو کی مدد سے توانائی کی کھپت کا بوجھ 42.5 فیصد کم ہوا۔ایوان ِ صدر میں ایک میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ قومی خزانے پر کسی قسم کے بوجھ کے بغیر نصب کیا گیا۔ایوانِ صدر میں سولر پلانٹ کی تنصیب کے بعد سے 15 کروڑ سے زائد روپوں کی بچت ہوئی۔ایوانِ صدر کے توانائی کے بچت کے ماڈل کو پبلک سیکٹر کی دیگر عمارتوں میں نقل کیا جانا چاہیے۔