لاہور (آن لائن) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس اور انکی کابینہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے سیاسی ایجنڈے اور حکمتِ عملی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلِ کشمیر کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے،کشمیریوں میں پاکستان میں جاری سیاسی و معاشی بحران پر گہری تشویش پائی جاتی ہے، وفاقی حکومت سفاکیت ترک کرے اور وفاقی اکائیوں خصوصاً آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کو جائز حقوق دے جبکہ شہباز شریف اور کابینہ اراکین آزاد کشمیر کی منتخب حکومت کی توہین پر اہلِ کشمیر سے معافی مانگیں ۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کابینہ و اراکین قانو ساز اسمبلی کے ہمراہ زمان پارک لاہور میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے تفصیلی ملاقات کی ہے۔سابق وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان علی امینگنڈا پور بھی موجود تھے۔ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تباد لہ خیال کیا گیا۔آزاد جموں و کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت فلاحی و ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کے اہداف پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر و اراکینِ کابینہ و اسمبلی کی شہباز شریف کی جانب سے آزادکشمیر کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی شدید مذمت کی گئی اور وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کو مطلوبہ مالی وسائل سے محروم رکھ کر انتقام کا نشانہ بنانے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔مسئلہ کشمیر پر وفاقی حکومت کی مجرمانہ خاموشی اور معاملے پر سفارتکاری میں نمایاں کمی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور چیئرمین تحریک انصاف کے سیاسی ایجنڈے اور حکمتِ عملی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا .
Load/Hide Comments



