سانحہ اے پی ایس، قوم شہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کریگی، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد ( آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 16 دسمبر دہشتگردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے۔سانحہ اے پی ایس شہداء کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔سانحہ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) کی برسی کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر سال 16 دسمبر کا دن پوری قوم کو اس کرب اور دکھ کی یاد دلاتا ہے جب دہشگردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور میں ظلم کی داستان رقم کی۔شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ برسوں بعد بھی غم ہے کہ بھلایا نہیں جاتا، آج سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء سے عقیدت اور ان کے لواحقین کا غم بانٹنے کا دن ہے، پاکستانی قوم اپنے شہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔وزیراعظم نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر دہشتگردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے، یہ دن پوری دنیا کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہماری یہ جدوجہد جاری ہے جو اس عفریت کے مکمل خاتمے تک اسی آہنی ارادے اور ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس ملکی تاریخ کا ایک غمناک ترین واقعہ ہے، سفاک دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو حملہ کر کے شہید کیا، آٹھ برس بعد بھی سانحہ کا زخم تازہ ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہداء نے قوم کو دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی کے خلاف یکجا ہونے کی راہ دکھائی، قوم نے ملکر ملک سے دہشت گردی کو شکست دی، سانحہ اے پی ایس شہداء کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں، والدین اور بہادر اساتذہ کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند اور اہلخانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔(آمین)