پاکستان کا مجموعی قومی اخراج عالمی اخراج کا 0.7 فیصد،صرف لائیو اسٹاک کا شعبہ اس اخراج کا 36 فیصد پیدا کرتا ہے،عالمی بینک

لاہور (آن لائن) پاکستان عالمی سطح پر ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی آلودگی میں حصہ ڈالنے والا بڑا ملک نہیں ہے لیکن ملک کی گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کا بڑا حصہ لائیو اسٹاک کا شعبہ پیدا کرتا ہے۔ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا مجموعی قومی اخراج عالمی اخراج کا 0.7 فیصد ہے لیکن صرف لائیو اسٹاک کا شعبہ اس اخراج کا 36 فیصد پیدا کرتا ہے۔اہم لیکن نظرانداز شعبے کو جاننا کے عنوان سے جاری رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ بہتر خوراک اور کھاد کے انتظام کے ذریعے لائیو اسٹاک شعبے سے ہونے والے گرین ہاؤسز گیسز کے اخراج کو کم کیا جاسکتا ہے، اس سلسلے میں مناسب اقدامات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ایک اندازے کے مطابق ملک کے لائیو اسٹاک کا ذیلی شعبہ جی ڈی پی میں 11.7 فیصد اور زراعت کا شعبہ مجموعی طور پر جی ڈی پی میں 56 سے 60.6 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ لائیو اسٹاک کا شعبہ زرمبادلہ کمانے کا بھی ایک ذریعہ ہے جس کا برآمدات میں حصہ 3.1 فیصد ہے اور یہ ملک کی پانچویں بڑی برآمدات ہے۔رپورٹ کے مطابق لائیو اسٹاک کے ذیلی شعبے کے لیے پالیسی فریم ورک غیر مربوط ہے .