اسلام آباد(آن لائن) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کو پاکستان کے بارے میں پر اپنی رائے کو بدلنے کی ضرورت ہے، سنگاپور کے دورہ کے موقع پر ”سٹریٹس ٹائمز“ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ طور اور آسیان کے تناظر میں اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، سنگاپور اور پاکستان کے درمیان تجارت میں مل کر کام کرنے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں، سنگاپور کی آزادی کے فوراً بعد پاکستان اسے تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کمیونٹی نے ابتدائی سالوں میں سنگاپور کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، دونوں ممالک کی قیادت نے ماضی میں اعلیٰ سطح کے دوروں کا تبادلہ کیا، شہید بے نظیر بھٹو نے 1995 میں پاکستان کی وزیر اعظم کی حیثیت سے سنگاپور کا دورہ کیا تھا، پاکستان اور سنگاپور کے دوطرفہ تعلقات کی بحالی اور دو طرفہ تبادلوں کو تیز کرنے کے لیے سنگاپور کا دورہ کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ باہمی تعلقات کو تمام جہتوں میں مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، دنیا کو پاکستان کے بارے میں پر اپنی رائے کو بدلنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی 220 ملین آبادی میں سے 114 ملین آبادی 25 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان میں آن لائن تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2021 میں پاکستانی ای کامرس مارکیٹ میں 45 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان کی ای کامرس مارکیٹ سے 2022 میں 7.67 ارب ڈالرکی آمدن متوقع ہے، پاکستان میں بہت سے فری لانسرز آئی ٹی، ٹیلی کام، ای کامرس، ڈیٹا اینالیٹکس، مالیاتی خدمات، موسیقی اور صحت میں خدمات فراہم کر رہے ہیں، سنگاپور، دیگر آسیان ممالک آئی ٹی بارے سرگرمیوں، مالیاتی خدمات میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان آسیان کا سب سے پرانا سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر ہے، آسیان کے ساتھ ڈائیلاگ پارٹنرشپ کو اپ گریڈ کرنا چاہتا ہے .
Load/Hide Comments



