معاشی صورت حال میں بہتری ایک چیلنج ہے،نواز شریف

لندن/اسلام آباد (ان لائن) سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ نواز شریف کا کہنا ہے کہ معاشی صورتحال میں بہتری ایک چیلنج ہے اور وہ اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کو ہدایات جاری کرچکے ہیں کہ عوام کو ریلیف دیا جائے عمران خان کے تمام جھوٹ اور دعوے بے نقاب ہوچکے اب اس کا رونا دھونا کسی کام کا نہیں،عوام اس کی اصلیت جان چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے لیگی رہنماؤں نے لندن میں ملاقات کی،ملاقات میں مریم نواز اور ن لیگ برطانیہ کے عہدے دار وں سمیت شیخ آفتاب احمد،انوشہ رحمن و دیگر رہنما بھی شامل تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہو ا،دوران ملاقات مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال میں بہتری ترجیح ہے۔ وزیراعظم کو ہدایات دی ہیں کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھائیں، ذرائع کا مزید کہنا تھاکہ نواز شریف نے ایک بار پھر جلد وطن واپسی کا وعدہ کرلیا ہے اورپارٹی کو منظم اور فعال بنانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔