آرمی ایکٹ میں تبدیلی، حکمران اداروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں: عمران خان

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا میرٹ پر فیصلہ ہونا چاہیے، ان کی بات نہیں کر رہا جنہوں نے آرمی چیف لگنا ہے، میں تو ان کی بات کر رہا ہوں جنہوں نے آج تک کوئی شفاف کام نہیں کیا، آرمی ایکٹ میں حکومت چینج لیکر آرہی ہے، حکمران اداروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایک دو دن راولپنڈی جانے کا پلان دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آ زادی لانگ مارچ میں جہلم، سرگودھا، مردان سمیت دیگر جگہوں پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ قوم کوبتانا چاہتا ہوں حقیقی آزادی مارچ کیوں کر رہے ہیں، ہم مارچ اس لیے کر رہے ہیں چوروں کوسازش کے تحت مسلط کیا گیا، 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، شہبازشریف اوراس کے بیٹے کو 16 ارب کیس میں سزا ہونے والی تھی، شہبازشریف کے خلاف 8 ارب ٹی ٹیز کا بھی کیس تھا، انہوں نے اسمبلی میں قانون پاس کر کے 1100ارب کے کیس معاف کرائے، ہم اس لیے احتجاج کررہے ہیں انسان ہے کوئی بھیڑ،بکریاں نہیں، ہم قوم کوبتارہے ہیں ظلم اورناانصافی کوتسلیم نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ جب چور اپنے آپ کواین آراودیں گے تو مطلب جنگل کا قانون ہے، اگر انصاف نہیں ہوگا تو ملک میں حقیقی جمہوریت اور خوشحالی نہیں آسکتی، خوشحال ملکوں میں 90 فیصد قانون کی حکمرانی ہے، نائیجیریا میں تیل ہے لیکن وہاں کرپشن ہو رہی ہے، خوشحال ملکوں میں اگر کوئی چوری کرتا ہے تو کوئی این آر او نہیں لے سکتا، ہم چوروں کے خلاف امربالمعروف پرچل رہے ہیں، جب سے یہ اقتدارمیں آئے ملک کا معاشی قتل ہوچکا ہے.