لکی مروت میں دہشت گردوں کی پولیس وین پرحملہ،6 اہلکار شہید

اسلام آباد، لکی مروت (آن لائن)لکی مروت میں دہشت گردوں کے پولیس وین پرحملہ میں 6 اہلکار شہید ہو گئے۔لکی مروت میں دہشت گردوں نے پولیس وین پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید ہوئے۔ پولیس کے مطابق شہدا میں اے ایس آئی اور دیگراہلکارشامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے لکی مروت میں عباسیہ روڈ پر وین کو نشانہ بنایا، علاقے کو گھیر ے میں لیکر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس وین پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد پاکستان کے دشمن ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 6 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن پر جان قربان کرنے والے بیٹوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، دہشتگرد پاکستان کے دشمن ہیں اور پورا ملک ان کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس نے دہشتگردی کے خلاف ہر اول دستے کا قابل فخر کردار ادا کیا ہے، خیبرپختونخوا حکومت شہداء کو اعزازات اور شہدا پیکج دے۔ان کا کہنا تھا شہدا کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی۔وزیر داخلہ نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعلیٰخیبرپختونخوا محمود خان نے بھی لکی مروت حملے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ طلب کر لیا۔محمود خان کا کہنا تھا پولیس شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، وزیراعلیٰ محمود خان نے غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے آئی جی پولیس سے پولیس وین پر حملے کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا واقعہ انتہائی افسوناک ہے۔ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔دوسری جانب چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے لکی مروت میں پولیس وین پرفائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،چیئرمین سینیٹ کاپولیس وین پر فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتا ہوں،ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں،دہشت گرد ترقی کے عمل کو سبوتاڑ کرنا چاہتے ہیں جو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی دہشت گرد حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔