جسٹس اطہر من اللہ سمیت تین ججز کی سپریم کورٹ اور جسٹس عامر فاروق کی بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری

اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت کی منظور ی کے بعد وزارت قانون انصاف نے جسٹس اطہر من اللہ،جسٹس سیر حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید کی بطور جج سپریم کورٹ آف پاکستان جبکہ جسٹس عامر فاروق کی بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعیناتی کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیئے ہیں۔ 10 نومبر کو وزارت قانون و انصاف کی طرف سے دو الگ الگ جاری نوٹیفکیشنز میں مزکورہ فاضل ججز کو نئی زمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان میں بطور جج نامزدگیاں پانے والے سینئر تینوں ججز آج جمعہ 11 نومبر کی علی الصبح سپریم کورٹ بلڈنگ میں چیف جسٹس آف پاکستان سے بطور جج سپریم کورٹ آف پاکستان حلف اٹھائیں گے۔ اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں عدالت عظمی کے معزز ججز، لاء افیسران، سینئر وکلاء ، دفتری سٹاف اور دیگر مدعو کردہ افراد شرکت کریں گے۔