بیجنگ (آن لائن)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی باشندوں کی بہترین سیکیورٹی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تمام چینی باشندوں کی سیکیورٹی کا معیار ایک ہو گا۔چینی سرمایہ کاروں سے ملاقات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چینی بھائیوں، بہنوں کے جاں بحق ہونے کے واقعات پر بے حد دکھ اور افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی بھائیوں، بہنوں کو قتل کرنے والے مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، انہیں مثالی سزا ملے گی۔ سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں چینی بھائی بہنوں کی سلامتی اپنے بھائی بہنوں کی طرح عزیز ہے۔ملاقات کے دوران چینی کمپنیوں نے کراچی میں پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت قبول کر لی۔چینی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چین کی صف اول کی کمپنیوں کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے 10 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر مل کر کام کرنے کی پیشکش کی ہے۔ شہباز شریف نے گوادر ہوائی اڈے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور رواں سال مکمل کرنے پر اصرار کیا ہے۔ چینی کمپنی نے اگلے سال کی ابتدا میں گوادر ہوائی اڈے کی تعمیر کی تکمیل کی یقینی دہانی کرا دی ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آگاہ ہوں کہ ماضی میں بہت مسائل آئے جس پر معذرت خواہ ہیں، 11 اپریل 2022 کو اقتدار سنبھالنے کے بعد کمپنیوں کو درپیش مسائل حل کیے، چینی کمپنیوں کو واجب الادا 160 ارب روپے کی ادائیگی کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 50 ارب روپے گزشتہ روز ادا کر دیے گئے ہیں، 50 ارب روپے سے ریوالونگ فنڈ بنا دیا گیا ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر اسٹیٹ بینک نے ریوالونگ اکاؤٹ بنا دیا ہے، ادائیگیوں کے ساتھ ہی مزید 50 ارب اس میں شامل ہو جائیں گے.
Load/Hide Comments



