جنوبی ایشیاء میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور جرائم گہری تشویش کا باعث ہیں،مریم اورنگزیب

استنبول(آ ن لائن) پاکستان نے ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس کی میزبانی کی پیشکش کردی۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے او آئی سی وزراء اطلاعات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامو فوبیا کا گھناؤنا رجحان کم نہیں ہوا،جنوبی ایشیاء میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور جرائم گہری تشویش کا باعث ہیں، بھارت میں بے گناہوں کا قتل، فرقہ وارانہ فسادات اور الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر اسلام کی منفی تصویر کشی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، ہمیں سچائی پر مبنی خبروں کے ذریعے جعلی خبروں کا مقابلہ کرنا ہوگا، پاکستان اور نائیجیریا جیسے او آئی سی کے کئی رکن ممالک دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے سب سے زیادہ دوچار ہیں،موسمیاتی تبدیلی ہمارے دور کی نسل کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،پاکستان میں حالیہ سیلاب سے تقریبا 40 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، متاثرہ ممالک میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے فنانسنگ کو بڑھایا جائے،ڈس انفارمیشن سے نمٹنے کے لئے او آئی سی کی کوششوں کی اہمیت پر زیادہ زور نہیں دیا جا سکا،ہم میڈیا اور عوامی سفارت کاری پر او آئی سی۔ 2025ء پروگرام آف ایکشن میں درج اصولوں اور اہداف کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، او آئی سی میں استعداد کار میں اضافہ اور بہترین طریقوں کیاشتراک کے لئے پرعزم ہیں،او آئی سی کے رکن ممالک میں میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی برادری کی جانب سے بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے فوری، اجتماعی اور فیصلہ کن کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرے،مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ متاثرہ ممالک میں کلائمیٹ فنانسنگ کو بڑھایا جائے،ہمیں اطلاعاتی استعماریت کا مقابلہ کرنا ہوگا اور ایک نیا انفارمیشن رجیم قائم کرنا ہوگا،مسلم ریاستوں میں اطلاعاتی ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے،مسلم ریاستوں کو اسلام اور مسلم معاشروں کے بارے میں غلط فہمیوں کو جنم دینے والے حالات اور رجحانات سے نمٹنا ہوگا،غلط معلومات سے نمٹنے کے لئے زیادہ جمہوریت، زیادہ عوامی شرکت، زیادہ شمولیت اور اظہار رائے کی آزادی پر توجہ مرکوز کرنا ہمارا مقصد ہونا چاہئے،کشمیری اور فلسطینی عوام کی ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،او آئی سی رکن ممالک کے میڈیا سے مطالبہ ہے کہ وہ کشمیری اور فلسطینی عوام کے مصائب اور جرات مندانہ جدوجہد کی زیادہ سے زیادہ کوریج جاری رکھیں، پاکستان خطے میں امن کی کوششوں کے لئے آگے بڑھ رہا ہے،ہم امید کرتے ہیں کہ خطے میں پائیدار امن اور طویل المدتی ترقی کے لئے پاکستان کی جدوجہد کا بھرپور ادراک کیا جائے گا، پاکستان ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس کی میزبانی کی پیشکش کرتا ہے،ہمیں سوشل میڈیا اور سائبر اسپیس کے دور میں غلط معلومات اور اسلامو فوبیا پر ایک ورکنگ گروپ قائم کرنا چاہئے.