موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں خوراک کی قلت کا خدشہ ہے، شہبازشریف

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے عالمی سطح پرغذائیت سے بھرپور خوراک کی قلت کا خدشہ ہیجس سے پاکستان بھی متاثر ہوگا، عالمی ترقیاتی شراکت دار اور عالمی برادری سیلاب کے بعد تعمیر نو بالخصوص خوراک کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کوششوں میں پاکستان کا ساتھ دیں، پاکستان میں زرعی شعبہ کی بہتری کے لئے جلد کسان کانفرنس کا انعقاد کرنے جارہے ہیں جہاں حکومت کی جانب سے زرعی شعبہ کی بہتری کے لئے پیکج کا اعلان کیا جائے گا، خوراک کے عالمی دن کے موقع پر آئیے ہم یہ عہد کریں کہ برادریوں، معاشروں اور دنیا کے لئے بڑے پیمانے پر خوراک کو محفوظ بنانے کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔ان خیالات کا اظہاروزیراعظم شہباز شریف نے خوراک کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بہتر پیداوار، بہتر غذائیت، بہتر ماحول اور بہتر زندگی میں ہم نے کسی کو پیچھے نہیں چھوڑنا، ہم ایک ایسے نازک لمحے پر خوراک کا عالمی دن منا رہے ہیں جب پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں تباہ کن سیلابوں سے ہونے والی تباہ کاریوں سے بحالی کی راہ پر گامزن ہے، یہ دن عالمی سطح پر بھوک، غذائیت کی کمی اور سب کے لیے خوراک اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔