شیخ رشید کو 7 روز میں لال حویلی خالی کرنے کا حکم

راولپنڈی(آن لائن) متروکہ وقف املاک بورڈ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو لال حویلی خالی کرنے کا نوٹس جاری کر دیا۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونٹس سے بیدخلی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ زیر قبضہ اراضی یونٹس 7 دن میں خالی کریں ورنہ آپ کو بذریعہ پولیس بے دخل کر دیا جائے گا۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ آصف خان نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو پولیس کی معاونت کے لیے بھی خط لکھ دیا ہے۔خط میں 7 اراضی یونٹس خالی کرانیکے لیے 19 اکتوبر کو پولیس کی مدد مانگی گئی ہے۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کا کہنا ہے کہ لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونِٹس کیس کی متعدد سماعتیں ہو چکیں، شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کوئی مستند دستاویزات پیش نہیں کر سکے۔