اسلام آباد (آن لائن) حکمران اتحاد پی ڈی ایم نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ قبل ازوقت انتخابات کے لیے کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے،عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، کسی کو اسلام آباد پر یلغار کی اجازت نہیں دی جائے گی،سائیفر معاملہ پر آئین و قانون کے مطابق کارروائی ہوگی،پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا، نئے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق وزیراعظم آئین اور قانون کے مطابق اپنا اختیار استعمال کریں۔تفصیل کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف کی زیرصدارت پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کی قیادت کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت اتحادی جماعتوں کی قیادت اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کی سیاسی، داخلی اور معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آڈیو لیکس، سائیفر معاملہ اور عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے آڈیو لیکس اور سائیفر معاملہ پر وفاقی کابینہ کے فیصلوں پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا۔ اتحادیوں نے سائیفر معاملہ کو آئین و قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی حمایت کی۔ ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کی قیادت نے کسی کو اسلام آباد پر یلغار کی اجازت نہ دینے کی بھی حمایت کی اور اتحادیوں نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو اختیار دے دیا گیا ہے کہ ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر کوشش سے سختی سے نمٹا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہناتھا سائیفر معاملہ پر آئین و قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ وزیراعظم اور اتحادی جماعتوں کی قیادت نے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کی قیادت نے اتفاق کیا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔قبل ازوقت انتخابات کے لیے کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے۔ اجلاس میں افواج پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے اور سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم کی شدید مذمت کی گئی ۔پی ڈی ایم قائدین کا کہناتھا عمران خان اقتدار کی ہوس میں پاگل ہوچکا ریاستی اداروں اور دفاعی قیادت کو ہدف بنایا افسوسناک ہے۔ افسوس ہے کہ ایسا شخص ملک کا وزیراعظم تھا جسے ملک اور اداروں کی پروا نہیں۔ اجلا س میں نئے آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی اور پی ڈی ایم نے وزیراعظم سے کہا ہے کہ اس بارے آئین اور قانون کے مطابق اپنا اختیار استعمال کریں۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کی قیادت کے اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی پذیرائی کی گئی۔ڈالر کی قیمت میں کمی پر اسحاق ڈار کو اتحادی جماعتوں کی قیادت نے خراج تحسین پیش کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے اجلاس کو بتایا کہ اس ماہ کے آخر تک ڈالر کی قیمت کو 200 روپے سے کم کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ ملکی معیشت کو مستحکم بنایا جائے گا۔ وزیراعظم کی جانب سے بھی اسحاق ڈار کی تعریف کی گئی۔ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی ملکی معیشت کے لیے نیک شگون ہے۔
Load/Hide Comments



