عمران خان کی سائفر سے متعلق آڈیو لیکس کا معاملہ، تحقیقات کیلئے5 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل

اسلام آباد (آن لائن)حکومت نے سائفر سے متعلق گفتگو پر مبنی عمران خان کی آڈیو لیک پر تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کی انکوائری کمیٹی بنادی، تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی ٹیم میں 5 ممبران شامل ہوں گے،ایف آئی اے اسلام آباد زون کے سربراہ کوتحقیقاتی ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ٹیم میں آئی ایس آئی،ایم آئی اور آئی بی کے 3 نمائندے بھی شامل ہیں،تحقیقاتی کمیٹی میں گریڈ 19 سے اوپر کے افسران شامل ہو ں گے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے عمران خان،شاہ محمود قریشی،اعظم خان کو طلب کرے گی۔ایف آئی اے کی انکوائری ٹیم کی رپورٹ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے یکم اکتوبر کو ایف آئی اے کو عمران خان کی آڈیو لیک پر تحقیقات کرنے کی منظوری دی تھی۔