موسم سرما شروع ہوتے ہی بڑی آبادی کو پناہ گاہوں اور خیمے کی ضرورت ہے،احسن اقبال

اسلام آباد(آن لائن)و فاقی و زیر ڈپٹی چیرمین این ایف آر سی سی و احسن اقبال نے کہا ہے کہ بدترین سیلاب کی تباہی کی وجہ سے متاثرہ آبادی کو بھاری مقدار میں سپلائی کی ضرورت ہے،موسم سرما شروع ہوتے ہی ایک بڑی آبادی کو پناہ گاہوں اور خیمے کی ضرورت ہے۔تفصیل کے مطابق نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر(این ایف آر سی سی) کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین و فاقی و زیر احسن اقبال کی زیر صدات منعقد ہو ا،اجلاس میں خصوصاً سندھ اور بلوچستان میں پانی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فورم نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں خوراک، طبی وسائل کی دستیابی پر گفتگو کی۔این ایف آر سی سی نے ہدائیت کی کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں صحت عامہ کے عملے کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔کم متاثرہ علاقوں سے عملہ اور اہلکار زیادہ متاثرہ مقامات میں لے جا سکتے ہیں۔اس موقع پر احسن اقبال کا کہناتھا این ایچ اے سپلائی کے راستے کھولنے کیلئے این 5 کی بحالی یقینی بنائے۔سندھ اور بلوچستان کے حکام بدستور زیر آب علاقوں سے نمٹنے کے لئے روڈ میپ پیش کریں۔زیادہ تر متاثرہ اضلاع میں خوراک اور دیگر اشیاء کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔بالخصوص خواتین اور بچوں کو غذائی اشیا بشمول بچوں کے دودھ اور اناج کی اشد ضرورت ہے، احسن اقبال نے کہا موسم سرما شروع ہوتے ہی ایک بڑی آبادی کو پناہ گاہوں اور خیمے کی ضرورت ہے۔ این ایف آر سی سی نے بریفنگ میں بتایا بدترین سیلاب کی تباہی کی وجہ سے متاثرہ آبادی کو بھاری مقدار میں سپلائی کی ضرورت ہے۔حکومتی وسائل کے علاوہ عوام اور فلاحی تنظیموں کی بھی مدد کی جانی چاہئے۔ ریلیف کیمپوں تک آسان رسائی سے مصیبت میں گھرے بھائیوں اور بہنوں کی مدد ہوسکے گی۔