راولپنڈی(آن لائن)عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کو کسی صورت دوبارہ سر نہیں اٹھانے دیا جائیگا اور نہ ہی اسے برداشت کیا جائیگا،آرمی چیف نے تمام فارمیشنز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ملکر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں،کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے فارمیشنز سخت چوکس رہیں جبکہ کور کمانڈرز نے سیلاب متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کودوہرایا کہ ان کی بحالی اور ریلیف میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور معمولات زندگی کی بحالی میں بھی افواج پاکستان اپنا بھر پور کردار ادا کریں گی۔ترجمان افواج پاکستان کے مطابق 251 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی،فورم کو ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورت حال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی خاص طور پر سیلاب زدہ علاقوں کی صورت حال اور وہاں پرمختلف آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری ریلیف کوششوں اور اقدامات بارے بھی کور کمانڈرز کو آگاہ کیا گیا۔کور کمانڈرز نے سیلاب متاثرہ افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین بہادری سے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں،ان کی مدد اور بحالی کے لئے زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کا عزم کیا گیا،چیف آف آرمی سٹاف نے پھنسے ہوئے لوگوں تک پہنچنے اور ان کی تکالیف کم کرنے میں فارمیشنز کی تعریف کی،آرمی چیف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات سمیت سیلاب متاثرین بالخصوص بچوں اور خواتین کو ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے پر آرمی ڈاکٹرز/پیرامیڈکس کی تعریف کی۔
Load/Hide Comments



