”معیشت سنبھالنے کا چیلنج”اسحاق ڈار نے وزیر خزانہ کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد (آ ن لائن)مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے بطور وزیرخزانہ عہدے کا حلف اٹھالیا۔ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے اسحاق ڈار سے حلف لیا، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے،حلف اٹھانے کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے اسحاق ڈار سے مصافحہ کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔بعد ازاں بطور وزیر خزانہ حلف اٹھانے کے بعد اسحٰق ڈار وزارت خزانہ میں اپنے دفتر پہنچے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ مسلم لیگ (ن) جب حکومت چھوڑی تو اس ملک کی معیشت کہاں کھڑی تھی، 3 دھرنوں کے باجود پاکستان کی معیشت مضبوط تھی۔ہماری بدقستمی ہے کہ گزشتہ برسوں میں جو کچھ ہوا میں اس کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا، ہر چیز کو کھلا چھوڑ دیا گیا، روپے کی تباہی کے نتیجے میں مہنگائی ہوئی اور شرح سود 13 سے 14 فیصد تک پہنچ گئی۔پونے 4 سال کی اس تباہی کو پی ڈی ایم حکومت 5 ماہ میں ٹھیک نہیں کر سکتی، بیشک ہمیں اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ہم نے ماضی میں بھی بڑی کامیابی سے ان کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی بہت بڑے اور مشکل چیلنجز ہیں لیکن ان شا اللہ ہم ان سے پوری طرح نمٹنے کی کوشش کریں گے، کامیابی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ یہ بہت بڑا جھوٹ ہے کہ ماضی میں ہم نے مارکیٹ میں ڈالر پھینک کر روپے کی قدر کو کنٹرول کیا، ڈالر تھے کہاں جو ہم پھینکتے؟ اگر اس میں حقیقت ہوتی تو پچھلی حکومت عوام کو سارا کچھا چھٹا بیان نہ کرتی؟ یہ سب دراصل ہماری کامیاب معاشی پالیسیوں کو نتیجہ تھا، آپ ہمیں وقت دیں ِ یہ سب چیزیں آپس میں جڑی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو پاکستان کی کرنسی سے کھیلنے کی اجازت نہیں ہوگی، قیاس آرائیاں کرنے والوں اور ہنڈی والوں کو یہ چیز سمجھ نہیں آتی کہ جب ڈالر 1 روپیہ بڑھتا ہے تو پاکستان پر 110 ارب روپیہ قرضہ بڑھ جاتا ہے، ان شا اللہ ہر چیز کو سنبھال لیں گے جیسے ماضی میں کیا۔