حکومت پاکستان نے گوادر فری زون میں قائم چینی سرمایہ کاری سے چلنے والے تقریباً 3 کروڑ ڈالر مالیت کے پلانٹ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جہاں گدھوں کا گوشت اور کھالیں چین برآمد کرنے کے لیے پراسیس کی جاتی ہیں۔ عرب نیوز نے سرکاری دستاویزات کے حوالے سے یہ خبر دی ہے۔
پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کی سربراہی میں تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی ہینگینگ ٹریڈ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی خریداری، افزائش، ذبح، پراسیسنگ، ذخیرہ اور برآمدات کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کا خط 12 نومبر کو جاری کیا گیا تھا جس میں کسی مخصوص خلاف ورزی کا ذکر نہیں کیا گیا۔
کمپنی کے مشیر ماجد عزیز نے کہا کہ کمپنی مطلوبہ تمام معلومات فراہم کرے گی۔ ان کے مطابق کم از کم دو کنسائنمنٹس، جن کی مالیت ایک لاکھ 95 ہزار ڈالر سے زائد ہے، چین کے شہر تیانجن پہنچ چکی ہیں۔ پاکستان میں گدھوں کی تعداد تقریباً 59 لاکھ ہے اور ملک میں ان کا گوشت کھانا ممنوع ہے۔



