اقوام متحدہ کی ای گورنمنٹ رینکنگ میں پاکستان کی 17 درجے ترقی، 119ویں نمبر پر آ گیا

اقوام متحدہ کے 14ویں ای گورنمنٹ سروے میں پاکستان 194 ممالک میں 119ویں نمبر پر آ گیا ہے، جو گزشتہ سروے کے مقابلے میں 17 درجے بہتری ہے۔ 2024 میں پاکستان 136ویں اور 2022 میں 150ویں نمبر پر تھا۔

سروے کے مطابق ای گورنمنٹ ڈیولپمنٹ انڈیکس میں پاکستان کا اسکور 2024 کے 0.5096 سے بڑھ کر 2026 میں 0.6264 ہو گیا، یعنی تقریباً 23 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2025 کو ڈیجیٹل گورننس کا باضابطہ فریم ورک قرار دیا گیا ہے۔

سروے کے مطابق 194 میں سے 151 ممالک اب بلند یا انتہائی بلند درجے میں ہیں۔ جنوبی ایشیا میں بھارت انتہائی بلند درجے میں شامل ہو گیا جبکہ نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش نے بھی بہتری دکھائی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ قانون سازی کا مطلب لازمی طور پر عملی نتائج نہیں ہوتا۔