آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم آہنگی، استحکام، امن اور ترقی یقینی بنانے کےلیے قومی بیانیے کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کریں۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار آرمی آڈیٹوریم میں “ہلال ٹاکس” کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلال ٹاکس میں بین الاقوامی، علاقائی اور قومی امور پر گفتگو کی گئی۔
آرمی چیف نے علم پر مبنی معیشتوں کی ضرورت اور تنقیدی سوچ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انھوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے تنقیدی سوچ، منطق اور مقامی سطح پر جدید حل فراہم کرنے والے مراکز ہونے چاہئیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تعلیمی ماحول بہتر بنانے، تحقیق کو فروغ دینے کے لیے حکومتی اقدامات میں فوج کی مکمل معاونت کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سوال و جواب کے سیشن کے بعد شرکاء نے ہلال ٹاکس جیسے فورمز کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات خیالات کے تبادلے، تحقیق اور اختراع کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔
شرکا کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اقدامات وقت کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی کو مضبوط کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سب ملکر محفوظ اور خوشحال پاکستان کےلیےکام کریں گے



