نوجوانوں کو ای ٹیکسی کا مالک بنائیں گے: شرجیل میمن

سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ملک میں افراتفری اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پریس کانفرنس میں شرجیل میمن نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں گے، عوام کو یہی فکر ہوتی ہے کہ ان کو ریلیف کیسے ملے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ کسان، تنخواہ دار طبقہ، عام شہری ریلیف مانگ رہے ہیں، 20 ارب روپے سے زائد کے کسان کارڈ فراہم کیے گئے تاکہ انہیں ریلیف ملے، بے گھر ہونے والے لوگوں کو ہر صورت 21 لاکھ گھر بنا کر دیں گے۔

صوبائی وزیرِ سندھ نے کہا کہ صحت کی مزید سہولتیں فراہم کرنے کے کوششیں کر رہے ہیں، نوجوانوں کے لیے ای ٹیکسی متعارف کروانے جا رہے ہیں، نوجوانوں کو ای ٹیکسی کا مالک بنائیں گے، پروگرام بنا رہےہیں کہ ای ٹیکسی کے لیے کچھ پیسے سندھ حکومت، کچھ بینک اور کچھ نوجوان دیں اور ٹیکسی کے مالک بن جائیں۔