اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری کو اسناد کی تصدیق تک کام سے روکنے کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔
درخواست گزار میاں داؤد ایڈووکیٹ ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ رجسٹرار آفس کی جانب سے ایک اعتراض لگایا ہے آپ متاثرہ فریق نہیں، دوسرا اعتراض یہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے خلاف کیسے پٹیشن قابل سماعت ہے؟
وکیل میاں داؤد ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا جوڈیشل کمیشن کے خلاف آپ رٹ جاری کریں، میرا مؤقف ہے وہ جج کے عہدے پر تعیناتی کے معیار پر پورے نہیں اترتے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ جب 209 میں متبادل فورم ہے تو رٹ کیسے جاری ہو سکتی ہے؟ قانونی سوال ہے۔
میاں داؤد ایڈووکیٹ نے کہا کہ جسٹس سجاد علی شاہ کے خلاف کارروائی کے لیے سپریم کورٹ فل کورٹ کا فیصلہ موجود ہے۔



