حکومت میں بیٹھے لوگ من پسند جج کے پاس کیسز لگوانا چاہتے ہیں: لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائی کورٹ نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے کیسز کی دوسری عدالت منتقلی کی حکومتی درخواستیں خارج کر دیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان کی 9 مئی کیسز راولپنڈی کی عدالت سے دوسری عدالت میں منتقل کرنے کے لیے حکومتی درخواست پر سماعت کی۔

“ججز پر دباؤ ڈالنا افسوسناک ہے”
دوران سماعت چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ ججوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں یہ افسوسناک ہے، ملک کو مذاق بنا دیا گیا، جو جج پسند نہ آئے اس کے خلاف تقریریں شروع کردیں یہ نیا ٹرینڈ شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بتائیں کیا جج کی مخالف پارٹی سے رشتہ داری ہے یا اس نے پیسے پکڑے ہیں؟ جیل میں کونسا خطرہ ہے؟ کیا ججز آسمان پر بیٹھ کر سماعت کریں؟ یہ کہاں لکھا ہے جج کے خلاف ریفرنس آئے گا تو وہ کام بند کر دے گا؟