13 کروڑ عوام کو جوابدہ ہوں، پولیس کرائم کنٹرول کرے: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 13 کروڑ عوام کو جوابدہ ہوں، پولیس کرائم کنٹرول کرے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، آئی جی پنجاب نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

’پنجاب میں کسی جگہ پر بھی نو گو ایریا برداشت نہیں‘

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ 13 کروڑ عوام کو جوابدہ ہوں، پولیس کرائم کنٹرول کرے، حقائق سے آنکھیں بند نہیں کی جا سکتی، پنجاب میں کسی جگہ پر بھی نو گو ایریا برداشت نہیں، صوبے بھر میں کرائم ریٹ کو ہر صورت نیچے لانا ہوگا، جرائم زیادہ ہو تو عوام حکومت کی ریفارمز اور ڈویلپمنٹ بھول جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس قربانی بھی دے رہی ہے مگر کالی بھیڑیں بھی موجود ہیں، پولیس کے ساتھ ہوں، فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، یونیفارم پہن کر اظہار یکجہتی کیا، پولیس کو پورے وسائل مہیا کر رہے ہیں تاکہ کارکردگی میں کمی نہ آئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے پولیس میں کارکردگی کے تجزیے اور جانچ کا نظام لا رہے ہیں، بین الصوبائی سمگلنگ روکنے کیلئے 14 خصوصی چیک پوسٹ بنائی جا رہی ہیں، گاڑیاں، آلات، اسلحہ، ٹریننگ اور پولیس کی ہر ڈیمانڈ پوری کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹ پر کھڑے ہر پولیس اہلکار کی حفاظت کو یقینی بنانا ذمہ داری ہے، ڈی جی خان ماڈل پر صوبے بھر میں بجلی چوری کے سدباب کے لئے موثر کارروائی کی جائے، بجلی چوری ختم ہوگی تو لوڈشیڈنگ بھی صفر ہو جائیگی۔