ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے گرمی بڑھنے کا امکان

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق پاکستان کے 80 فیصد سے زائد علاقوں میں درجۂ حرارت آج سے بڑھنے کا امکان ہے، 18 سے 20 مئی تک گرمی کی یہ لہر شدت اختیار کر جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ اور پنجاب کے اکثر مقامات پر درجۂ حرارت 43 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا ہے کہ اس دوران پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں درجۂ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر سمندری ہواؤں کے باعث شدید گرمی نہیں ہو گی، البتہ کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، یہاں درجۂ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ سکتا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق ملک کے شمالی حصے میں ہلکی بارش کا امکان رہے گا، جبکہ ملک میں پری مون سون بارشوں کا آغاز جون کے آخری دنوں میں ہو سکتا ہے۔