عدت نکاح کیس: بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت میں وقفہ

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں اپیلوں پر سماعت میں ایک بجے تک کا وقفہ کر دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گِل عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

رضوان عباسی کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رضوان عباسی ایک بجے آ جائیں گے، ہائی کورٹ، سپریم کوٹ میں کیسز ہیں، وکیل بشریٰ بی بی عثمان گل نے کہا کہ اس کیس میں بار بار رضوان عباسی کی جانب سے التوا مانگا گیا ہے۔

جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیئے کہ ایک بجے سے لیٹ نہیں ہونا، آج لازمی عدالت میں پیش ہوں۔

عثمان گل ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ عدالت کا اختیار ہے، ہماری سزا معطلی کی درخواست موجود ہیں دلائل مکمل ہو چکے، عدالت سے استدعا ہے کہ سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کریں۔

اس پر جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ گزشتہ سماعت کے تحریری فیصلے میں لکھا ہے کہ اگر رضوان عباسی پیش نہیں ہوتے تو سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کر دوں گا۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں ایک بجے تک کیلئے وقفہ کر دیا۔