بجٹ اور نئے قرض پروگرام پر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق تعارفی سیشن میں معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق ہوگیا۔
آئی ایم ایف مشن نے نئے قرض پروگرام سائن کرنے کی یقین دہانی کرا دی، قرض پروگرام کا سائز اور حجم آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی مشاورت سے فائنل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
آئی ایم ایف مشن چیف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف جو تجاویز دے اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، سیاسی عدم استحکام کے باعث معاشی میدان میں چیلنجز درپیش ہوئے، ملکی معیشت کی بہتری کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
مشن چیف نے مزید کہا کہ معاشی استحکام بھی سیاسی استحکام کے ساتھ جڑا ہے، مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے، پاکستان کی سپورٹ جاری رکھیں گے، معاشی ٹیم کیساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بھی کام کریں گے۔



