آزاد کشمیر کی صورتحال پر وزیر اعظم شہباز شریف نے آج اجلاس طلب کر لیا

صدر مملکت آصف علی زرداری کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی آزاد کشمیر کی صورتحال پر خصوصی اجلاس آج طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں آزاد کشمیر حکومت اور وزارت داخلہ کے نمائندوں سمیت اہم حکام شریک ہوں گے، خصوصی اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حل کیلئے تجاویز پر غور کیا جائے گا۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بد قسمتی سے کچھ عناصر ایسی صورتحال میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرتے ہیں، بحث، استدلال اور پرامن احتجاج کسی بھی جمہوریت کا حسن ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ حکومتی املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، فریقین پر صورتحال کے پر امن حل پر زور دیتا ہوں، پر امید ہوں مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔