وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے سعودی ہم منصب کی ملاقات

بنجول (آن لائن) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ملاقات کی ہے،سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے مضبوط برادرانہ تعلقات اور مختلف سطحوں پر دوطرفہ تعاون بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ملاقات گیمبیا کے شہر بنجول میں ہفتے کو ہوئی جہاں پندرھویں او آئی سی اسلامی سربراہی کانفرنس ہو رہی ہے، سعودی وزیرخارجہ اور اسحاق ڈار کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مسلم اْمہ کو درپیش اسلاموفوبیا کے چیلنج سمیت کشمیر اور فلسطین کی صورتِ حال کے تناظر میں او آئی سی کے کردار کی اہمیت اْجاگر کی، اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔