لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور اور کراچی میں ایک پاسپورٹ دفتر24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کردیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام کی سہولت کے لیے نادرا میگا سینٹر کی طرح اب لاہور اور کراچی میں ایک پاسپورٹ دفتر 24 گھنٹے شہریوں کو سہولیات فراہم کرے گا، جس کی بدولت شہریوں کے لیے کسی بھی وقت پاسپورٹ آفس کی سہولیات تک رسائی آسان اور ممکن ہوگی۔اس حوالے سے ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے اعلان کے بعد گارڈن ٹاؤن لاہور اور کراچی صدر کا پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رہے گا جہاں شہریوں کو اتوار کے روز بھی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ ا?فس لاہور کو تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے کیوں کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کے دورے کے موقع شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے، جس پر وزیر داخلہ نے آفس میں رشوت ستانی اور شہریوں کی تذلیل کرنے پر ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس کو تبدیل کرنے کا حکم دیا۔بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ نے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاسپورٹ آفس میں موجودہ شہریوں سے ملاقات کی، اور ان کے مسائل سے متعلق پوچھا، جس کے جواب میں پاسپورٹ آفس میں موجود شہریوں نے شکایات کی لمبی فہرست گنوادی، شہریوں کی جانب سے شکایات کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’پاسپورٹ آفس کی دیواریں بھی پیسے مانگتی ہیں، پیسے دیں تو پاسپورٹ کو پہیے لگ جاتے ہیں، گارڈ سے لے کر اوپر تک ہر کوئی پیسے مانگتا ہے‘، محسن نقوی نے شہریوں سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کیلئے آیا ہوں، شکایات کا ازالہ کروں گا، شہریوں کو سہولت دینا ہماری ذمہ داری ہے،وفاقی وزیر داخلہ نے استفسار کیا کہ ’ڈائریکٹر صاحب یہ کیا ہو رہا ہے؟ ہر کوئی ایجنٹ اور عملے کی جانب سے پیسے لینے کی شکایت کررہا ہے، عملے کی ملی بھگت کے بغیر پیسے لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘، تاہم محسن نقوی کے استفسار پر ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہ دیسکے، علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پاسپورٹ آفس کے حالات دیکھ کر برہم ہوئے اور انہوں نے ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو فوری پر طور پر تبدیل کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیدیا۔
Load/Hide Comments



