وائٹ پیپر چھاپنے سے 2018 کے الیکشن کی تاریخی دھاندلی سمیت آپ کے سیاہ کرتوت سفید نہیں ہوجائیں گے،طلال چوہدری

اسلام آباد (آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے راہنما سینیٹر طلال چوہدری نے پی ٹی آئی لیڈروں اور وزیراعلی خیبرپختون خوا کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ وائٹ پیپر چھاپنے سے 2018 کے الیکشن کی تاریخی دھاندلی سمیت آپ کے سیاہ کرتوت سفید نہیں ہوجائیں گے۔وائٹ پیپر ٹیریان وائٹ، بنی گالہ کے غیرقانونی محل، خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی کی فروخت، 190 ملین پا?نڈ کی ڈکیتی پر بھی چھاپیں۔وائٹ پیپر اس لئے چھاپ رہے ہیں کہ خیبرپختون خوا میں جیت کر حکومت بنالی ہے؟ خیبرپختون خوا میں الیکشن کیا بشری بی بی نے کرائے ہیں؟ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی میں جعلی اور فراڈ الیکشن کرانے والے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کس منہ سے کررہے ہیں؟الیکشن ٹریبونلز میں ثبوت پیش نہ کرسکنے والے اخباری تراشوں سے وائٹ پیپرتیارکرنے چلے ہیں۔وائٹ پیپر جاری کرنے والوں کے خلاف ہائی کورٹ پہلے ہی وائٹ پیپرجاری کرچکی ہے۔الیکشن دھاندلی کے خلاف ہائی کورٹ میں تراشے لے کر گئے تھے، جہاں سے ڈانٹ کھا کر اب وائٹ پیپر لانے چلے ہیں۔ان کامقصد صرف انتشار، فساد اور ملک میں افراتفری پیدا کرنا ہے کیونکہ معیشت پھر چل پڑی ہے، مہنگائی کم ہورہی ہے۔”مشیر خاص“ کے لئے کروڑوں روپے کی لگڑری گاڑیوں کی سمریاں بنانے والے وفاق کے خلاف ہر روز میڈیا میں روتے ہیں۔پی ٹی آئی کے لیڈروں کو اڈیالہ سے چابی ملتی ہے جس پر وہ باہر آکر تماشہ کرنے لگتے ہیں۔یہ جوڈیشنل کمیشن کے بہانے ”کمیشن“ اورمذاکرات کے بہانے این آر او مانگ رہے ہیں۔