بانی پی ٹی آئی کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہوناچاہیے‘سپیکر ملک محمد احمد خان

لاہور (آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہوناچاہیے، حکومت کسان کو تنہا نہیں چھوڑے گی،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ معاملات دیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندم پالیسی کے نتیجے میں بڑی فصل کاشت ہوئی، کسان اس طرف راغب ہوا اور گندم کی بمپر کراپ ہوئی۔ اب کسان کو حکومت سے توقعات ہیں انہیں اکیلا نہ چھوڑا جائے۔ اس حوالے سے وزارتی کمیٹی بھی کام کر رہی ہے، یقین ہے کہ حکومت گندم کی خریداری کا ہدف بڑھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسان کو تنہا نہیں چھوڑے گی، کسانوں کو گرفتار نہیں کیا جانا چاہییبلکہ کسان تنظیموں کے ساتھ بیٹھ کر مسائل سنے جائیں، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ معاملات دیکھ رہی ہیں، اس بات پر قائل ہوں کہ کسانوں کے ساتھ حکومت کو گفت و شنید ہونی چاہیے۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایک وطیرہ ہے وہ پھر ماضی کی طرح کی مہم چلانا چاہ رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہوناچاہیے۔ انہیں ماضی میں عدالتوں میں جو اسپیشل سلوک ملتا رہا وہ بند ہونا چاہئے۔