ہمیں ایک سیاسی برادری کے طور پر اکھٹے ہونا ہے،ہمیں اسٹریٹ کرائم کے خلاف ایک ہونا ہے اورمعیشت کو مضبوط اور مستحکم کرنا ہے،ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی (آن لائن) ایم کیوایم پاکستان کے سینئررہنما ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاہے کہ پاکستان میں مختلف وقتوں پر لوگوں کا ضمیر جاگتا ہے،حکومت اور اپوزیشن سب پر برابری کی ذمہ داری ہے،بے حسی اور مجرمانہ غفلت سے ساری سیاسی جماعتوں کو باہر نکلنا ہے،ہمیں ایک سیاسی برادری کے طور پر اکھٹے ہونا ہے،ہمیں اسٹریٹ کرائم کے خلاف ایک ہونا ہے اورمعیشت کو مضبوط اور مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو ایکسپو سینٹر میں 3روزہ پاکستان انٹیریرز فرنیچر ایکسپو 2024 نمائش کے 88واں ایڈیشن کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔اس موقع پر پاکستان انٹیریئرز فرنیچر ایکسپو کی ڈائریکٹرمدیحہ عدنان اور سی ای اوعدنان افضل بھی موجود تھے۔نمائش میں ایکسپو سینٹرکے ہال نمبر 4 اور 5 میں مختلف کمپنیوں کے فرنیچر کے100 اسٹالزلگائے گئے ہیں جبکہ فرنیچر کی مختلف اشیاء کی خریداری پر 40فیصد تک خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنی گفتگو میں کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو عوام نے ووٹ اس لیے نہیں دئیے کہ اسمبلی کا پہیہ جام کردیں بلکہ اپنے لیڈر کو قید سے چھڑائیں،لیکن معاشی صورتحال بہتر کرنے کے لیے بھی آگے آنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے گورنر سندھ کے عہدے پر کامران ٹیسوری ہیں جو اس وقت گورنر کے عہدے پر ہیں، گورنر شپ پر ہمارا پہلا اور آخری حق ہے،کامران ٹیسوری لوگوں کی خدمت سے باز نہیں آئے گا اورجب وہ گورنر نہیں رہے گا وہ تب بھی لوگوں کی خدمت کرے گا،پاپولرٹی ہمارا مقصد نہیں ہے بلکہ لوگوں کو ہمیں ساتھ لیکر چلنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک سنگین معاشی صورتحال سے دوچار ہے،ایسے حالات میں لوگوں کو مایوسی سے نکالنا ہے،یہ ایک عزم کی بات ہے کہ اس ٹیم نے نمائش کا انعقاد کیااورایسی ایکسپو کا باقاعدگی سے اہتمام ہونا چاہیے۔ عدنان افضل نے کہا کہ پاکستان کی لکڑی کی صنعت ترقی یافتہ ہے۔ملک میں چنیوٹ کے ساتھ لکڑی کے فرنیچر کے 700 سے زائد یونٹ ہیں،پاکستان میں فرنیچر کی صنعت بہت زیادہ صلاحیت رکھتی ہے،حکومت کی سرپرستی کی ضرورت ہے۔