نیب کیس میں آصف زرداری کے وکیل نے صدارتی استثنیٰ مانگ لیا

اسلام آباد (آن لائن) عدالت کی جانب سے نیب کیس میں صدر آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا عندیہ دیا جس پر آصف زرداری کیلئے ان کے وکیل نے صدارتی استثنیٰ مانگ لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری اور دیگر کے خلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی سماعت ہوئی جہاں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی، جج نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ ’ایک ملزم کی حاضری نہیں ہوئی اگر وہ نہیں حاضر ہوتا تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے،اس موقع پر صدر مملکت کے وکیل نے صدارتی استثنیٰ مانگ لیا اور کہا کہ ’آصف علی زرداری کی جانب سے صدارتی استثنیٰ کی درخواست دائر کی ہے، نیب کی صدارتی استثنیٰ کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، نیب رپورٹ کے مطابق آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت صدر کو کیسز سے صدارتی استثنیٰ حاصل ہے‘، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی۔