حکومت کسانوں سے زیادہ سے زیادہ گندم خریدنے کیلئے عملی اقدامات کرے‘ ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ (آن لائن) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ پیداواری لاگت کے تناسب سے گندم کی 3900روپے فی من امدادی قیمت بھی کم ہے جبکہ ستم یہ ہے کہ کسان کو اعلان کردہ قیمت بھی پوری نہیں مل رہی، حکومت کسانوں سے زیادہ سے زیادہ گندم خریدنے کیلئے عملی اقدامات کرے اس کے لئے محکمہ خوراک کے ساتھ پاسکو کو بھی متحرک کیا جائے،انتخابی مہم کے دوران حلقہ این اے97کی ترقی کیلئے جو منشور پیش کیا تھا اس کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این 97کے مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پر سیاسی و سماجی شخصیات اور کسانوں سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے تاندلیانوالہ میں چوہدری رافع سعید، رانا شہزاد، عثمان سیالوی، اعجاز احمد، اللہ دتہ اوریاسین وٹو سے ملاقات کر کے سیاسی امور اور حلقے کے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ہمایوں اختر خان نے فیصل ضیا ء سے ان کے تایا،محمد شوکت سے ان کی اہلیہ،بشارت سلیم سے ان کی والدہ،ڈاکٹر وحید بلوچ سے ان کے بھائی اورعلی رضا نمبردار سے ان کے صاحبزادے کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور حلقے کی خوشحالی اور عوام کی ترقی ہے جس کیلئے ہم بھرپور آواز بلند کریں گے،عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے ہم اپنی ذاتی حیثیت میں بھی بڑھ چڑھ کر کام کریں گے،ہمارا مطالبہ ہے کہ کسان کی بد حالی کو خوشحالی میں بدلیں اس کے معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو ں گے۔انہوں نے کہا کہ حلقے کے لوگ میرے اپنے ہیں اس لئے آپ کے غم میں شریک ہونا میں اپنا فرض سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ 8فروری کے انتخابات میں جو کچھ کیا گیا اور جو بھی نتیجہ آیا اس کی پرواہ کئے بغیر میں حلقے کے لوگوں سے براہ راست رابطے میں ہوں اور ان شا اللہ جب تک زندگی ہے یہ سلسلہ بر قرار رہے گا۔