کراچی (آن لائن)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پورے سندھ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا حب بنا کر دنیا میں مثال قائم کریں گے۔کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ حیدرآباد کے شہری انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید کورسز مفت کریں، نوجوانوں کو جدید ترین فیلڈ میں آنا چاہیے اور یہ موقع ہے کہ وہ کلاؤڈ اپلائیڈ جنریٹیو آرٹیفشل انٹیلی جنس انجینئر بنیں۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی فری آئی ٹی کورسز کرائے جارہے ہیں اور اس کیلئے داخلے جاری ہیں،ہر امیدوار کو مفت آئی ٹی کورس کرایا جائے گا، انہیں جنرٹیو اے آئی انجینئرنگ کے سرٹیفیکٹ دیے جائیں گے۔گورنر سندھ کا کہنا تھا چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم کے ہتھیار سے لیس کیا جائے تاکہ ناصرف وہ اپنا اور اپنے خاندان کا بلکہ ملک کا مستقبل بھی روشن کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری توجہ سے اگر کوئی اس فیلڈ کو سمجھ لے تو ایسا انجینئر با آسانی گھر بیٹھے 15 سے 20 لاکھ روپے ماہانہ کما سکتا ہے اور اس سے ملک کو بھی غیرمعمولی زرمبادلہ کی رقم حاصل ہوگی۔ کامران ٹیسوری نے بتایا کہ کراچی میں 50 ہزار نوجوان آن سائٹ آئی ٹی کورس کررہے ہیں جبکہ ساڑھے 4 لاکھ یہی کورس آن لائن کر رہے ہیں، ان طلبہ میں سے بہت سے ایسے ہیں جنہوں نے تیسرے ماہ ہی سے 200 سے 500 ڈالر کمانا شروع کردیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے اس لیے کوشش ہے کہ قوم اس فیلڈ میں کہیں پیچھے نہ رہ جائے، آئی ٹی کورسز کا یہ سلسلہ کراچی اور حیدرآباد کے بعد سکھر سمیت سندھ کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا۔
Load/Hide Comments



