حج سے قبل عمرہ ویزہ کی میعاد ختم ہونے کی آخری تاریخ مقرر

مکہ مکرمہ (آن لائن) سعودی عرب نے حج سے قبل عمرہ ویزہ کی میعاد ختم ہونے کی آخری تاریخ مقرر کردی۔ سعودی گزٹ کے مطابق سعودی حکام نے ہر سال حج سیزن اور مکہ اورمدینہ میں زائرین کی آمد کے پیش نظر بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے ویزوں کی میعاد ختم ہونے کی آخری تاریخ 15 ذی القعدہ کی منظوری دی ہے جب کہ پہلے عمرہ سیزن 29 ذی القعدہ کو ختم ہوتا تھا۔بتایا گیا ہے کہ مملکت کی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ 15 ذی القعدہ مملکت سے باہر سے آنے والے زائرین کے عمرہ ویزے کی میعاد ختم ہونے کا آخری دن ہو گا، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزارت نے کہا کہ عمرہ ویزہ کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ کو 29 ذی القعدہ سے 15 ذوالقعدہ کرنے کا مقصد دنیا بھر سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس شہروں میں حج کے لیے آنے والے زائرین کی آمد کو ہموار کرنا ہے۔وزارت نے یہ بھی کہا ہے کہ تین ماہ کے عمرہ ویزہ کی میعاد سعودی عرب میں داخلے کی تاریخ سے پہلے منظور شدہ میعاد کی بجائے اس کے اجراء کی تاریخ سے شروع سمجھی جائے گی.