آصفہ بھٹو زرداری کی کامیابی سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج

کراچی (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کی نو منتخب رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری کی کامیابی کو چیلنج کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نواب شاہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 سے پیپلزپارٹی کی بلامقابلہ منتخب ہونے والی امیدوار آصفہ بھٹو زرداری کی کامیابی سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کی گئی ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار مصطفیٰ رند عدالت پہنچے جہاں انہوں نے درخواست دائر کی، درخواست میں الیکشن کمیشن، آصفہ بھٹو زرداری اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، تحریک انصاف کے امیدوار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مجھے اغواء کیا گیا جس کے بعد زبردستی میرے کاغذات نامزدگی مسترد کرائے گئے۔