‘ ملکی حدود میں داخل ہونے والی پروازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول سے لازمی اجازت لینا ہوگی. سول ایوی ایشن اتھارٹی

اسلام آباد(آن لائن) ایران کے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد پاکستان نے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنی فضائی حدود، خصوصاً مغربی سمت سے آنے والی پروازوں کی نگرانی شروع کردی ہے نجی ٹی وی کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ذرائع نے کہا ہے کہ نئی صورتحال کے حوالے سے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان اور ایران کی سمت سے آنے والی ہر پرواز کی نگرانی کی جائے گی سی اے اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی حدود میں داخل ہونے والی پروازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول سے لازمی اجازت لینا ہوگی۔دریں اثنا امریکا نے اپنے شہریوں کو موجودہ حالات کے پیش نظر اسرائیل سے باہر سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، جبکہ کینیڈا اور فرانس نے بھی اپنے شہریوں کو تل ابیب، ایران، لبنان اور فلسطین کا سفر نہ کرنے کا کہا ہے اسی طرح پولینڈ نے بھی شہریوں کو اسرائیل میں بڑے اجتماعات میں شرکت سے اجتناب کا مشورہ دیا ہے.