لاہور (آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اماراتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پابندی کے اعلان کے بعد عثمان خان پاکستانی ٹیم میں کھیلنے کیلئے اہل ہوں گے یا نہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ عثمان خان پاکستان کی قومی ٹیم میں کھیلنے کیلئے اہل ہیں اور وہ کھیلیں گے، عثمان خان سلیکشن کا معاملہ زیر غور ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 9 اپریل کو نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیں گے۔ چیئرمین پی سی بی نے میڈیا کو بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے یا نہ آنے کی بات ابھی قبل از وقت ہے تاہم پاکستان میں باہر سے بھی ٹیمیں آئیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچز کا فیصلہ 15 اپریل تک ہو جائے گا، کوچز کیلئے اشتہار دیا ہوا ہے، 15 اپریل تک انٹرویوز کر کے ان کے ناموں کو فائنل کرلیا جائے گا اس کے ایک دو روز بعد اعلان بھی کر دیں گے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں غیر ملکی کوچز کی دستیابی کا دار و مدار ان کے ساتھ کنٹریکٹ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا آئندہ سیزن بہت مصروف ہے، پہلے آئرلینڈ، انگلینڈ پھر ورلڈ کپ، بنگلہ دیش، انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت جنوبی افریقا کے خلاف بھی سیریز کھیلنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے پہلے پاکستان میں سہہ فریقی سیریز بھی شیڈولڈ ہے چیمپئنز ٹرافی اور سہہ فریقی سیریز کیلئے ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔
Load/Hide Comments



