لاہور (آن لائن) صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز آڈیٹوریم میں پروونشل سٹروک مینجمنٹ سنٹر کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر، پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر، سی ای او پی ایچ آئی ایم سی ڈاکٹر علی رزاق، پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور، ایم ایس پنز پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ طلباء و طالبات اور ریسکیوئرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر نے پراونشل سٹروک مینجمنٹ سنٹر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ فالج کا علاج ایک مہنگا علاج ہے۔ حکومتی سطح پر پروونشل سٹروک مینجمنٹ سنٹر پراجیکٹ کا آغاز انتہائی خوش آئند ہے۔ ہمارے ڈاکٹرز اور ریسکیوئرز پوری قوم کیلئے قابل فخر ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ری ویمپنگ منصوبے کیلئے گزشتہ ہفتے ہی سولہ ارب روپے کی رقم کی منظوری دی ہے۔ اس وقت پاکستان حالت جنگ سے گزر رہا ہے۔ ہمیں آپسی اور سازشی سیاست چھوڑ کر اب ملک کی خاطر کچھ بہتر کرنا چاہئے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محکمہ صحت پنجاب میں کالی بھیڑوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ سفارشی کلچر کے سخت خلاف ہوں۔ ہمارے ڈاکٹرز اور ریسکیوئرز عوام کے دکھوں کو کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے پروونشل سٹروک مینجمنٹ سنٹر کے پراجیکٹ کے انعقاد پر پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر کو شاباش دی۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاکہ محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ابھی تک ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو ریسکیو کر چکا ہے۔ ریسکیوئرز نے بروقت خدمات سر انجام دیتے ہوئے ساڑھے چھ سو ارب کے نقصانات کو بچایا ہے۔ ریسکیوئرز نے کوویڈ اور سیلاب کے دوران بے مثال خدمات سر انجام دی ہیں۔ پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم نے پروونشل سٹروک مینجمنٹ سنٹر کی افتتاحی تقریب میں آمد پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا شکریہ اداکیا.
Load/Hide Comments



